نئی دہلی، 2/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مشہور کامیڈین کپل شرما نے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ادھر، کپل کے کامیڈی شو کے جج اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سددو کانگریس میں شامل ہو کر امرتسر ایسٹ سیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں۔دراصل کپل شرما نے آپ کے پنجاب کنوینر گرپریت سنگھ وڈائچ عرف گھگی کو حمایت دی ہے۔گھگی پنجاب کے معروف آرٹسٹ اور مشہور کامیڈین ہیں جو پنجاب کے بٹالہ سے آپ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔جہاں پنجاب میں سبھی پارٹیاں اپنی تشہیر کے لیے اسٹاروں کی مدد لے رہی ہیں، تو کئی اسٹار خود ان پارٹیوں سے جڑے ہیں۔فی الحال کپل شرما نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے کہا کہ انہوں نے کسی پارٹی کی تشہیر نہیں کی، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ لوگ اچھے امیدواروں کو ووٹ دیں۔کپل نے کہاکہ گرپریت ایک اچھے انسان ہیں اور امید ہے کہ اچھا کام کریں گے۔پارٹی کے مطابق، کپل شرما کی طرف سے ووٹ دینے کی اپیل پر عام آدمی پارٹی کو پنجاب اسمبلی الیکشن میں کافی فائدہ ہو سکتا ہے۔